شاہد جان
پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلام پاک، نعت رسول مقبول ﷺ اور قومی ترانے سے ہوگا۔
ایجنڈے کے مطابق اجلاس کے دوران معزز اراکین کی رخصت کی درخواستوں پر غور کیا جائے گا جبکہ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کی جانب سے اہم اعلانات بھی کیے جائیں گے۔
اجلاس کا اہم ترین مرحلہ وزیر خزانہ کی جانب سے مالی سال 2026-27 کا سالانہ بجٹ ایوان میں پیش کرنا ہوگا، جس میں صوبے کی آئندہ مالی ترجیحات، ترقیاتی منصوبوں اور اخراجات سے متعلق تفصیلات سامنے رکھی جائیں گی۔
ایجنڈے کے مطابق خیبر پختونخوا فنانس بل 2026 بھی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، جبکہ وزیر خزانہ مالی سال 2025-26 کے ضمنی بجٹ کی منظوری کیلئے بھی ایوان سے رجوع کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کا بجٹ کل پیش کیا جائیگا، 11 روزہ شیڈول جاری
بجٹ اجلاس کے دوران صوبے کے محصولات، مالی معاملات اور ترقیاتی اخراجات سے متعلق اہم تجاویز زیر بحث آنے کا امکان ہے، جبکہ اراکین اسمبلی بجٹ تجاویز پر اظہارِ خیال بھی کریں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق بجٹ اجلاس صوبے کی مالی پالیسی اور آئندہ سال کے ترقیاتی اہداف کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔





