اعجاز آفریدی
پشاور: خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز آندھی، آسمانی بجلی اور موسلادھار بارشوں کے باعث مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث مختلف علاقوں میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں اب تک 9 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 5 مرد، 2 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والے تمام 7 افراد مرد ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے باعث مجموعی طور پر 4 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 3 گھروں کو جزوی جبکہ ایک گھر مکمل طور پر منہدم ہو گیا۔
حکام کے مطابق یہ حادثات ڈی آئی خان، اپر دیر، کوہاٹ اور اورکزئی سمیت مختلف اضلاع میں پیش آئے، جہاں متعلقہ ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے میں ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی
ادارے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرین تک فوری امدادی سامان پہنچانے اور ریلیف سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری معاونت فراہم کی جائے اور نقصانات کے ازالے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس اور سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ الرٹس اور ایڈوائزریز پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال، موسمی معلومات یا مدد کیلئے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔





