فیفا ورلڈ کپ میں سنسنی خیز مقابلے جاری، برازیل، میکسیکو اور مراکش کی شاندار فتوحات

فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، مزید چھ میچوں کے دلچسپ نتائج سامنے آ گئے۔

برازیل، میکسیکو اور مراکش نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اہم کامیابیاں سمیٹ لیں، جبکہ سوئٹزرلینڈ اور کینیڈا نے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

گروپ اے میں میکسیکو نے جمہوریہ چیک کو یکطرفہ مقابلے کے بعد صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر اپنی برتری مزید مستحکم کر دی، جبکہ جنوبی افریقہ نے سخت مقابلے کے بعد جنوبی کوریا کو ایک صفر سے ہرا دیا۔

گروپ بی میں سوئٹزرلینڈ نے کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی، اگرچہ کینیڈا میچ ہار گیا تاہم دونوں ٹیموں نے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

سوئٹزرلینڈ گروپ مرحلے میں ناقابلِ شکست رہا، جبکہ کینیڈا دوسری پوزیشن حاصل کرکے اگلے مرحلے میں پہنچ گیا۔

ایک اور میچ میں بوسنیا اینڈ ہرزیگووینا نے قطر کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر ایونٹ میں اہم کامیابی اپنے نام کی۔

گروپ سی میں پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے آؤٹ کلاس کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: روسی فٹبال ٹیم کی واپسی کی راہ ہموار، فیفا کا اہم اعلان

ونیسیئس جونیئر نے دو گول اسکور کیے، جبکہ ایک گول ماتھیوس کونیا نے کیا، اس کامیابی کے ساتھ برازیل نے ناک آؤٹ مرحلے میں اپنی جگہ بھی یقینی بنا لی۔

دوسری جانب مراکش نے بھی جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ہیٹی کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر لی۔

Scroll to Top