وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں تاریخی اسلام آباد امن معاہدےکی کامیابی پر تفصیلی بات چیت کی گئی ہے۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے اس تاریخی امن معاہدے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے پاکستان کی امن کوششوں کی مسلسل حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور بحران کے دوران سعودی ولی عہد کی دانشمندانہ حکمتِ عملی کو سراہا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کے بھرپور تعاون کی بدولت ہی تہران اور واشنگٹن کو چند ماہ کے اندر قریب لانا اور امن معاہدہ کروانا ممکن ہو سکا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ ایران امن معاہدے پر عالمی میڈیا پرپاکستان کی بہترین سفارتکاری کی دھوم،وزیراعظم اورفیلڈمارشل کی مدبرانہ کاوشوں کوسراہاگیا
دوسری جانبسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کی اور پاک فوج کے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک اور مخلصانہ کوششوں کی کھل کر تعریف کی جن کی بدولت یہ معاہدہ کامیابی سے دستخط ہوا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اب سب سے اہم مرحلہ یہ ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور خوش اسلوبی سے آگے بڑھے اور تمام بقایا مسائل کو بات چیت سے حل کیا جائے۔ اس موقع پر دونوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن کے اس عمل کو نقصان پہنچانے یا سبوتاژ کرنے کی کسی بھی بیرونی کوشش کے خلاف مکمل طور پر چوکس رہا جائے۔
دونوںرہنماؤں نےپاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک سعودی ولی عہد کی سرپرستی میں جلد ہی ایک جامع اقتصادی پیکیج کو فائنل کرنے اور اس پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے سعودی ولی عہد کو اپنی سہولت کے مطابق دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا جبکہ دونوں رہنماؤں نے آنے والے دنوں میں قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔





