ایم ڈی کیٹ 2026 کی رجسٹریشن شروع، امیدواروں کے لیے اہم ہدایات جاری

اسلام آباد: ملک بھر کے سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ (MDCAT) 2026 کی آن لائن رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے امیدواروں کے لیے رجسٹریشن شیڈول اور امتحانی طریقہ کار بھی جاری کر دیا ہے۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق امیدوار 8 جولائی 2026 تک سنگل فیس کے ساتھ آن لائن رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، جبکہ لیٹ فیس کے ساتھ رجسٹریشن کی سہولت 13 جولائی 2026 تک دستیاب ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2026 کا انعقاد 16 اگست 2026 کو ملک بھر میں بیک وقت کیا جائے گا۔ امتحان میں مجموعی طور پر 180 ملٹی پل چوائس سوالات (MCQs) شامل ہوں گے، جن کے لیے امیدواروں کی مختلف سائنسی اور تجزیاتی صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

امتحانی پرچے میں بائیولوجی کے 81، کیمسٹری کے 45، فزکس کے 36 جبکہ انگریزی اور لاجیکل ریزننگ کے 9، 9 سوالات شامل کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں بڑی کمی کر دی

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے مطابق سوالات کا معیار بھی مخصوص تناسب کے تحت ترتیب دیا گیا ہے، جس میں 15 فیصد سوالات آسان، 70 فیصد درمیانی درجے اور 15 فیصد مشکل نوعیت کے ہوں گے تاکہ امیدواروں کی صلاحیتوں کا متوازن انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔

پی ایم ڈی سی نے بتایا کہ پنجاب میں لاہور سمیت 15 مختلف شہروں میں امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے، جہاں ہزاروں امیدوار ایک ہی روز اور ایک ہی وقت میں ایم ڈی کیٹ امتحان میں شرکت کریں گے۔

Scroll to Top