پاکستان ہاکی میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے قومی ہاکی کے ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے غیر ملکی کوچز اور ٹرینرز پر مشتمل پینل تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

صدر پی ایچ ایف محی الدین وانی کا کہنا ہے کہ عارضی فیصلوں کا دور ختم ہو چکا ہے اور اب قومی ہاکی کی بحالی کے لیے تین سے چار سالہ جامع منصوبہ نافذ کیا جا رہا ہے۔

صدر پی ایچ ایف کے مطابق آئندہ کھلاڑیوں کے انتخاب اور کنٹریکٹس کا انحصار صرف کارکردگی، جسمانی فٹنس اور نظم و ضبط پر ہوگا، جبکہ خراب فٹنس یا ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، انہوں نے کہ کھلاڑیوں، کوچز اور سلیکٹرز کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی گئی ہے۔

محی الدین وانی نے قومی ٹیم کے حالیہ مایوس کن نتائج پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج کھلاڑیوں کی فٹنس، کھیل کی سمجھ بوجھ اور منصوبہ بندی میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی کو دوبارہ عالمی سطح پر مضبوط مقام دلانے کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی اور میرٹ پر مبنی نظام ناگزیر ہے۔

Scroll to Top