پٹرول کی قیمتوں سے متعلق وفاقی وزیر کا بڑا اعلان، عوام کے لیے خوشخبری

اسلام آباد:  وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں ریلیف فراہم کیا ہے اور گزشتہ ہفتے جتنی کمی عالمی منڈی کے باعث ممکن ہوئی، اس سے بھی بڑھ کر فائدہ عوام تک پہنچایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے مجموعی طور پر 130 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیسے ہی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 76 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آئے گی، حکومت اس کا فائدہ بھی عوام تک منتقل کرے گی تاکہ مہنگائی کے بوجھ میں مزید کمی لائی جا سکے۔

ایران۔پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق علی پرویز ملک نے کہا کہ یہ معاملہ اس وقت پیرس کی عدالت میں زیر سماعت ہے اور حکومت اس کیس کی بھرپور پیروی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی قیادت کے ساتھ مل کر اس منصوبے سے متعلق تمام معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر نے اسلام آباد امن معاہدے میں اہم اور قابلِ ستائش کردار ادا کیا، جسے حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

وفاقی وزیر نے محرم الحرام کے پہلے عشرے کے پُرامن انعقاد پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ مرحلہ خیریت سے مکمل ہوا۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی مارکیٹ میں کمی کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر صوبائی وزیر شفیع جان کی وفاقی حکومت پر تنقید

انہوں نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پاک فوج، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اداروں اور قیادت کی مؤثر حکمت عملی کے باعث امن کی فضا قائم رہی۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے خاتمے کے بعد خطے میں امن کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، جس کے مثبت اثرات عالمی منڈی پر بھی مرتب ہوئے ہیں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں قیمتوں میں آنے والی کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کرنے کی ہدایت دی، جس کے نتیجے میں عوام کو عالمی سطح پر ہونے والی کمی سے بھی زیادہ ریلیف فراہم کیا گیا۔

وفاقی وزیر پٹرولیم نے بعض حلقوں کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے کیے جانے والے دعوؤں کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر عوام میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ حکومت بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کرتے ہوئے ذمہ داری کے ساتھ اپنے فیصلے کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Scroll to Top