سیکیورٹی فورسز کی فیصلہ کن کارروائی، پاک افغان سرحد پر جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج کے ٹھکانے تباہ، 29 خوارج ہلاک

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحدی علاقوں میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 29 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ 28 جون 2026 کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں پاک۔افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے ایک گروہ کے خلاف خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر زمینی آپریشن کیا۔

کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی جماعت الاحرار کے انتہائی مطلوب کمانڈر خان فروش عرف زبال سمیت چار دہشت گرد مارے گئے، جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ آپریشن “غضب لِلحق” کے تسلسل میں 28 اور 29 جون کی درمیانی شب مستند انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر پاک۔افغان سرحدی علاقوں میں جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے مراکز اور محفوظ ٹھکانوں کو بھی انتہائی درست نشانہ بنایا گیا۔ پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں قائم تین اہم مراکز کو تباہ کر دیا گیا، جہاں ہونے والی کارروائی میں مزید 25 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے مراکز میں موجود بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا، جس سے دہشت گردوں کی کارروائیوں کی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان رینجرز سندھ کیمپ حملے میں ملوث زخمی دہشتگرد کے ہوشربا انکشافات

وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے کوشاں رہا ہے، تاہم اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، کیونکہ عوام کی سلامتی ریاست کی اولین ترجیح ہے۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف اپنی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ مہم بلا تعطل جاری رہے گی۔

Scroll to Top