عالمی مارکیٹ میں کمی کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر صوبائی وزیر شفیع جان کی وفاقی حکومت پر تنقید

عالمی مارکیٹ میں کمی کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر صوبائی وزیر شفیع جان کی وفاقی حکومت پر تنقید

صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی منڈی میں کمی کے باوجود عوام کو ریلیف نہ دینے پر وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود وفاقی حکومت عوام کو کوئی ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے، جو کہ عوامی مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 17 نشستوں والی حکومت پیٹرول اور ڈیزل پر بھاری لیوی ٹیکس عائد کرکے عوام کی جیبوں پر بوجھ ڈال رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ صورتحال عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے اور اس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی اور ناقص معاشی پالیسیوں کا خمیازہ براہ راست عوام بھگت رہے ہیں، جبکہ عوامی مینڈیٹ سے محروم حکومت کو شہریوں کی مشکلات اور معاشی پریشانیوں کا کوئی احساس نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگے پیٹرول اور ڈیزل کے باعث ملک میں مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھ گیا ہے، جس سے عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے پاس کوئی واضح معاشی ایجنڈا موجود نہیں، اور موجودہ کارکردگی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔

شفیع جان نے سوال اٹھایا کہ کیا یہی وہ کارکردگی ہے جسے تجربہ کار ٹیم کہا جاتا ہے؟ ان کے مطابق موجودہ پالیسیوں نے ملک کو ترقی کی راہ پر لے جانے کے بجائے بحرانوں کی جانب دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے اور مہنگائی کے بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔

Scroll to Top