پاک بحریہ کے شہید افسر لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد شہید کی اہلیہ، الویرا حمزہ نے عزم، حوصلے اور ثابت قدمی کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے پاکستان نیوی میں بطور آفیسر کمیشن حاصل کر لیا۔
الویرا حمزہ نے اپنے شوہر کی شہادت کے غم کو کمزوری بنانے کے بجائے اسے اپنے لیے حوصلے اور عزم کا ذریعہ بنایا۔
انہوں نے نہ صرف پاک بحریہ میں شمولیت اختیار کی بلکہ پاکستان نیول اکیڈمی سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمانڈنٹ گولڈ میڈل بھی اپنے نام کیا اور پاک بحریہ کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں بطور آفیسر ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
اس موقع پر الویرا حمزہ کا کہنا تھا کہ ان کے شہید شوہر لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد کی قربانی نے ان کے دل میں بھی پاک بحریہ کا حصہ بننے کا جذبہ پیدا کیا۔
انہوں نے کہا کہ جس وردی میں وہ اپنے شوہر کو دیکھتی تھیں، آج اسی جیسی وردی پہن کر اسی مقام پر کھڑا ہونا ان کے لیے اور ان کی بیٹی کے لیے انتہائی فخر کا لمحہ ہے، جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : میرے خلاف اے این پی رہنما کی خبر کیوں چلائی ؟ مینا خان آفریدی کی پختون ڈیجیٹل کو لیگل نوٹس کی دھمکی
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نیول اکیڈمی میں گزارا گیا وقت ان کے لیے ایک یادگار اور بہترین تجربہ رہا۔
الویرا حمزہ نے پاکستان کی نوجوان خواتین کو بھی فورسز میں شمولیت کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ایک بیٹی کی پرورش کے ساتھ یہ منزل حاصل کر سکتی ہیں تو دیگر لڑکیاں بھی اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھتے ہوئے مسلح افواج کا حصہ بن سکتی ہیں۔
لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد شہید کی اہلیہ الویرا حمزہ کی پاک بحریہ میں بطور آفیسر شمولیت پاکستانی خواتین کے لیے عزم، ہمت اور وطن سے محبت کی ایک قابلِ تقلید مثال بن گئی ہے۔





