تہران: ایران نے قطر کے دارالحکومت دوحا میں امریکا کے ساتھ کسی بھی ملاقات یا مذاکرات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان آئندہ چند روز میں کسی بھی سطح پر مذاکرات طے نہیں ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ دوحا میں امریکا اور ایران کے درمیان ملاقات کا کوئی شیڈول طے نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی وفد ضرور قطر جائے گا، تاہم اس دورے کا مقصد امریکا سے مذاکرات نہیں بلکہ مفاہمتی یادداشت کی شقوں پر عملدرآمد اور اس پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لینا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکی نمائندوں کے دورۂ قطر کا ایرانی وفد کے دورے سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان کسی حتمی معاہدے سے متعلق مذاکرات بھی ابھی شروع نہیں ہوئے۔
اس سے قبل ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ رواں ہفتے امریکا کے ساتھ ورکنگ گروپس کے تکنیکی اجلاس کا بھی کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کا ای ون منصوبہ فلسطینی ریاست کے لیے سنگین خطرہ ہے، پاکستان
ان کے مطابق تکنیکی مذاکرات کا پہلا دور اس وقت شروع ہوگا جب تمام ضروری شرائط پوری ہو جائیں گی۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے ایک بار پھر واضح کیا کہ آئندہ چند روز میں امریکا کے ساتھ کسی بھی سطح پر مذاکرات طے نہیں ہیں، جبکہ دوحا جانے والے ایرانی وفد کا مقصد صرف مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کا جائزہ لینا ہے، نہ کہ امریکا کے ساتھ براہِ راست بات چیت کرنا۔





