پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کے پہلے اسپیل کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
الرٹ کے مطابق گرمی اور درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کی وجہ سے گلیشیائی جھیلوں کے پگھلنے کا عمل تیزی سے جاری ہے، جس کے باعث گلیشیئر پھٹنے اور شدید بارشوں سے شمالی علاقوں میں انتہائی خطرناک صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں یکم سے پانچ جولائی تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
آج رات سے مغربی ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جبکہ دو جولائی سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مرطوب ہواؤں کا سلسلہ بھی شروع ہو جائے گا جس سے ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں شدید فلیش فلڈ (پہاڑی ریلوں) کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
شدید ترین اسپیل کے باعث صوبے کے میدانی اور گنجان آباد شہروں بشمول پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، سوات اور ایبٹ آباد میں اربن فلڈنگ (شہری سیلاب) کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر پیشگی تیاریوں اور ہنگامی اقدامات کو یقینی بنانے کی سخت ہدایت جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام حساس علاقوں میں نگرانی بڑھانے اور بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھنے کے احکامات دیے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بالائی اور سیاحتی مقامات کا رخ کرنے والے سیاحوں کو سخت تاکید کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں اور دریاؤں، ندی نالوں سمیت گلیشیائی علاقوں سے دور رہیں۔





