پاکستان میں ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی ملک کی سب سے بڑی کمپنی جاز (Jazz) نے ملک بھر میں اپنی نیٹ ورک اپگریڈیشن اور 5G سروسز کے آغاز کے لیے بڑے پیمانے پر منصوبہ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس منصوبے کے تحت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ صارفین کو بہتر اور تیز رفتار انٹرنیٹ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
جاز کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کمپنی نے وسط اگست 2026 تک ملک بھر میں ایک ہزار (1,000) نیٹ ورک سائٹس کو 5G ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ سال 2026 کے اختتام تک مجموعی طور پر ڈھائی ہزار (2,500) نیٹ ورک سائٹس کو جدید 5G نیٹ ورک کا حصہ بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس بڑے انفراسٹرکچر منصوبے پر عملی پیش رفت کا آغاز کر کے جدید ترین ٹیلی کام آلات کی درآمد بھی شروع کر دی گئی ہے، جس کے بعد نیٹ ورک کی مجموعی کارکردگی زیادہ تیز، مستحکم اور بہتر ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : سموں کی بندش : پی ٹی اے کی موبائل صارفین کیلئے اہم ہدایت جاری
اس منصوبے سے نہ صرف بڑے شہری علاقوں کے صارفین مستفید ہوں گے بلکہ دیہی اور پسماندہ علاقوں میں بھی انڈور کوریج اور انٹرنیٹ کے معیار میں نمایاں بہتری متوقع ہےجس کا مقصد جدید ڈیجیٹل تقاضوں سے ہم آہنگ انفراسٹرکچر تیار کرنا ہے۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 5G ٹیکنالوجی کا نفاذ ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے، آن لائن کاروبار کو وسعت دینے، ای لرننگ، ٹیلی میڈیسن اور جدید صنعتی شعبوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔





