فرار کی کوشش ناکام،لائن آف کنٹرول کے قریب کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما شوکت نواز میر اور راجہ صہیب گرفتار

آزاد کشمیر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب ایک انتہائی اہم اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے دو مرکزی اور مطلوب رہنماؤں شوکت نواز میر اور راجہ صہیب جاوید کو گرفتار کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنما مختلف سنگین مقدمات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے اور گرفتاری سے بچنے کے لیے لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقے سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں دھر لیا۔

کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور اس کی قیادت پر سنگین الزامات عائد ہیں۔ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ اس کمیٹی کے عہدیداران عوام کو بھڑکانے اور انہیں ریاست و حکومتی اداروں کے خلاف اکسانے کی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں، جس سے امن و امان کی صورتحال شدید متاثر ہوئی۔

اس کے علاوہ یہ کمیٹی آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے مہاجرین کے لیے مخصوص کی گئی نشستیوں کو مستقل طور پر ختم کرنے کا مطالبہ بھی کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے محکمہ داخلہ نے اس کارروائی سے قبل ہی شوکت نواز میر سمیت ایکشن کمیٹی کے چار انتہائی سرگرم اور مطلوب رہنماؤں کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے والے شہریوں کے لیے باقاعدہ انعامات کا اعلان کر رکھا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی دکانیں کھولنے والے غریب تاجروں کو سوشل میڈیا پر ہدف بنانے لگی

حکومت کی جانب سے جاری کردہ اس انعامی فہرست میں شوکت نواز میر، عمر نذیر کشمیری، خواجہ مہران ارشد اور سردار امان کے نام شامل تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دونوں اہم رہنماؤں کی گرفتاری کے بعد اب قانون کے مطابق کارروائی کو آگے بڑھایا جا رہا ہے اور ان کے خلاف درج مختلف مقدمات کے تحت سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

Scroll to Top