پشاور: حسن خیل میں ریاست کے حامی شہریوں پر خوارج کا ڈرون حملہ، 6 عام شہری زخمی

پشاور: حسن خیل کے علاقے پستوانہ میں ڈرون حملے کے نتیجے میں 6 مقامی شہری زخمی ہوگئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے حسن خیل کے گاؤں پستوانہ میں خوارج کی جانب سے سول آبادی پر ڈرون حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 6 مقامی شہری شدید زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد پشاور منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں مزید علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

زخمی ہونے والے افراد پرامن مقامی شہری اور علاقے میں امن و امان کی بحالی کے حامی تھے۔ وہ کئی مواقع پر خوارج کے خلاف کھل کر آواز بھی اٹھا چکے تھے۔

مقامی آبادی کو خوفزدہ کرنے اور دھمکانے کے لیے خوارج نے اپنے مذموم عزائم کے تحت انہیں ڈرون حملے کا نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں : کالعدم ایکشن کمیٹی کی حمایت میں سرگرم بھارتی خاتون کا اصل چہرہ بے نقاب

متعلقہ حکام اور ضلعی انتظامیہ زخمیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے متحرک ہیں۔فتنہ الخوارج کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنانے کا یہ واقعہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ یہ دہشت گرد عناصر عام عوام کے دشمن ہیں اور اپنے مقاصد کے لیے معصوم شہریوں کی جانوں کو بھی خطرے میں ڈالنے سے دریغ نہیں کرتے۔

بچوں، خواتین اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا فتنہ الخوارج کی انسان دشمن سوچ اور بزدلانہ کارروائیوں کا واضح ثبوت ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی بہادر عوام اور افواج خوارجی فتنے کے خلاف متحد ہیں اور ان شاء اللہ آخری خوارجی کے خاتمے تک ان خوارجین کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔

Scroll to Top