پاکستان میں ایک نئی نجی ایئرلائن کو ایئر آپریٹرز سرٹیفکیٹ (اے او سی ) جاری کر دیا گیا ہے، جس کے بعد کمپنی آئندہ چند روز میں فلائٹ آپریشن شروع کرنے جا رہی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے ) کے مطابق نئی نجی ایئرلائن “ساوتھ ایئر” کو یہ سرٹیفکیٹ ڈی جی سی اے اے نادر شفیع ڈار کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے۔ سرٹیفکیٹ کے اجرا کے بعد ایئرلائن جلد ملک بھر میں اپنی فضائی خدمات کا آغاز کرے گی۔
ڈی جی سی اے اے نادر شفیع ڈار نے اس موقع پر کہا کہ ملکی ایوی ایشن کے فروغ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی اپنا کردار جاری رکھے گی۔ ان کے مطابق ساوتھ ایئر پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس پر اپنی پروازیں چلائے گی، جس سے اندرونِ ملک فضائی سفر کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق ساوتھ ایئر نے اس سے قبل نیو گوادر ایئرپورٹ اور سکھر ایئرپورٹ کے لیے ٹیسٹ فلائٹس بھی آپریٹ کی تھیں، جن کے دوران سول ایوی ایشن انسپکٹرز نے پروازوں کا تفصیلی معائنہ اور جانچ پڑتال کی۔
ماہرین کے مطابق نئی ایئرلائن کی آمد سے ملکی ایوی ایشن سیکٹر میں مسابقت بڑھے گی اور مسافروں کو مزید سفری سہولیات میسر آنے کی توقع ہے۔





