جنوبی وزیرستان: مسجد کے اندر 8 سالہ بچے کو گولیاں مار کر قتل، حملہ آور فرار

جنوبی وزیرستان: ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے زیڑی نور میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں نامعلوم مسلح افراد نے مسجد کے اندر فائرنگ کرکے 8 سالہ وقاص ولد حضرت جان کو قتل کر دیا۔ حملہ آور واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق مسلح افراد مسجد میں داخل ہوئے اور کمسن بچے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ اہل علاقہ نے اس دلخراش واقعے پر شدید دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، تاہم تاحال قتل کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 9 پیسے فی لیٹر اضافہ

ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم شرپسندوں نے فائرنگ کرکے بچے کو قتل کیا، جبکہ پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی چھان بین میں مصروف ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی اس واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ شہریوں نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ شفاف تحقیقات کے ذریعے ذمہ دار عناصر کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

Scroll to Top