ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 24 ارب ڈالر کی سطح کے قریب پہنچ گئے

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے، جن کے مطابق ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 24 ارب ڈالر کی سطح کے قریب پہنچ گئے ہیں، جبکہ ایک ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے ذخائر میں تقریباً دو ارب ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق 3 جولائی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے اختتام پر پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 23 ارب 98 کروڑ 87 لاکھ ڈالر رہے۔

مرکزی بینک کے پاس موجود سرکاری زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 18 ارب 47 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے، جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 51 کروڑ 77 لاکھ ڈالر کے خالص زرمبادلہ کے ذخائر موجود ہیں۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 3 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں ایک ارب 94 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد سرکاری ذخائر 18.47 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئے۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ، چار افراد جاں بحق، راہگیر خاتون زخمی

اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں یہ نمایاں اضافہ حکومتِ پاکستان کو موصول ہونے والی بیرونی رقوم کے باعث ممکن ہوا، جس سے ملک کی مالیاتی پوزیشن مزید مضبوط ہوئی ہے۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے سے بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے، ملکی کرنسی پر دباؤ میں کمی آتی ہے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھتا ہے اور مجموعی معاشی استحکام کو تقویت ملتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تازہ اعداد و شمار پاکستان کی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہیں اور زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ ملکی اقتصادی صورتحال کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

Scroll to Top