اسلام آباد: نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے ملک بھر کی موٹرویز، قومی شاہراہوں اور ایکسپریس ویز پر ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے نئے نرخ فوری طور پر نافذ کر دیے گئے ہیں۔
این ایچ اے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نظرثانی شدہ ٹول ٹیکس کا اطلاق کاروں، ویگنوں، منی بسوں، بسوں، دو اور تین ایکسل ٹرکوں سمیت آرٹیکیولیٹڈ ٹرکوں پر ہوگا۔ نئے نرخ آج سے ملک بھر کے متعلقہ ٹول پلازوں پر نافذ العمل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایم ون، ایم تھری، ایم فور، ایم فائیو، ایم 14، ای 35 ہزارہ ایکسپریس وے، کوہاٹ ٹنل اور اسلام آباد مری ڈوئل کیرج وے سمیت مختلف اہم شاہراہوں اور موٹرویز پر ٹول ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے۔
این ایچ اے کے مطابق قومی شاہراہوں پر کار کا ٹول ٹیکس 100 روپے، ویگن کا 200 روپے جبکہ بس کا ٹول 300 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
ایم تھری موٹروے (لاہور تا عبدالحکیم) پر کار کے لیے ٹول ٹیکس ایک ہزار روپے، ویگن کے لیے 1500 روپے، منی بس کے لیے 2200 روپے جبکہ بس کے لیے 3150 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح ایم فور موٹروے (پنڈی بھٹیاں تا ملتان) پر کار سے 1350 روپے، ویگن سے 1950 روپے، منی بس سے 2900 روپے جبکہ بس سے 4050 روپے ٹول وصول کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : افغان مہاجرین کی واپسی کا طریقہ کار تبدیل، خیبرپختونخوا حکومت کا اہم فیصلہ
ایم فائیو موٹروے (ملتان تا سکھر) پر کار کے لیے ٹول ٹیکس 1500 روپے، ویگن کے لیے 2200 روپے، منی بس کے لیے 3250 روپے جبکہ بس کے لیے 4600 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مطابق نظرثانی شدہ نرخ تمام متعلقہ ٹول پلازوں پر فوری طور پر نافذ کر دیے گئے ہیں اور مسافروں سے نئے شیڈول کے مطابق فیس وصول کی جا رہی ہے۔
ٹول ٹیکس میں اضافے کے بعد موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والے شہریوں، ٹرانسپورٹرز اور مال بردار گاڑیوں کے اخراجات میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ٹرانسپورٹ شعبے سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ اس اضافے کے اثرات مسافر کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل کی لاگت پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔





