پشاور کے بڑے ہسپتال میں آئی سی یو بیڈ نہ ملا، تشویشناک مریض گھنٹوں زندگی کی جنگ لڑتا رہا

پشاور: لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) میں آئی سی یو بیڈز کی عدم دستیابی کے باعث ملا گوری سے تشویشناک حالت میں لائے گئے مریض کو کئی گھنٹوں سے علاج کے لیے انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔

لواحقین کے مطابق مریض کی حالت انتہائی نازک ہے، تاہم آئی سی یو میں بیڈ دستیاب نہ ہونے کے باعث بروقت علاج میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ مریض کو ایمرجنسی طبی سہولت فراہم کرنے کے بجائے انتظار پر مجبور کیا گیا، جس سے اہل خانہ شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔

لواحقین نے الزام عائد کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی کمی کے باعث غریب مریض سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں بہتری کے دعوے کیے جاتے ہیں، لیکن زمینی صورتحال اس کے برعکس دکھائی دیتی ہے، جہاں ایمرجنسی اور آئی سی یو جیسے اہم شعبوں میں بھی مریضوں کو بروقت سہولت میسر نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: رات گئے موٹر سائیکل اور سوزوکی میں تصادم، 4 افراد زخمی

انہوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایل آر ایچ سمیت صوبے کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں آئی سی یو بیڈز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ کسی بھی مریض کو صرف سہولتوں کی کمی کے باعث بروقت علاج سے محروم نہ ہونا پڑے۔

لواحقین کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ کئی برسوں سے صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے دعوے کیے جا رہے ہیں، مگر اگر بڑے تدریسی ہسپتال میں بھی تشویشناک حالت کے مریض کو آئی سی یو بیڈ نہ مل سکے تو متعلقہ اداروں کو اس صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے اور فوری اصلاحی اقدامات کرنے چاہییں۔

Scroll to Top