رشتوں کا تقدس پامال، خیبر پختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان میں افسوسناک واقعہ پیش آگیا

رشتوں کا تقدس پامال، خیبر پختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان میں افسوسناک واقعہ پیش آگیا

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان میں جائیداد کے تنازع پر ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر اپنے ہی بیٹوں کے ہاتھوں قید کیے گئے بزرگ شہری کو بازیاب کرا لیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ پہاڑ پور کے علاقے کوٹ جائی میں پیش آیا، جہاں دو افراد حبیب اللہ اور شعیب پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے بزرگ والد اللہ یار کو مبینہ طور پر زنجیروں اور رسیوں سے باندھ کر ایک کمرے میں قید کر رکھا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق بزرگ شہری کے بیٹے مبینہ طور پر اراضی اپنے نام کروانا چاہتے تھے، جبکہ والد اپنی بیٹیوں کو جائیداد میں ان کا شرعی حصہ دینے پر قائم تھے۔ اسی تنازع کے باعث مبینہ طور پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور کمرے میں بند کر دیا گیا۔

واقعے کی اطلاع بزرگ شہری کی بیٹی کی جانب سے پولیس کو دی گئی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا اور مبینہ طور پر پانچ روز سے قید بزرگ شہری کو بازیاب کرا لیا۔

پولیس کے مطابق بزرگ شہری کو زنجیروں اور رسیوں سے آزاد کروا کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ بیٹی کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔

Scroll to Top