خیبرپختونخوا میں ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈیجیٹل گورننس پالیسی کے تحت ایک انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کی جدید سہولت فراہم کر دی گئی ہے جس کے بعد اب شہریوں کو ہر وقت کاغذی لائسنس ساتھ رکھنے کی زحمت نہیں اٹھانی پڑے گی۔
چیف ٹریفک آفیسر پشاور ڈاکٹر زاہد اللہ کے مطابق یہ تمام تر سروس ٹریفک پولیس کی مخصوص “رابطہ” موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے فراہم کی گئی ہے جہاں شہری انتہائی آسانی کے ساتھ اپنا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبر اور ڈرائیونگ لائسنس نمبر درج کر کے محض چند سیکنڈز کے اندر قانونی طور پر منظور شدہ ڈیجیٹل لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس جدید ترین اقدام کے بعد سڑکوں پر ٹریفک چیکنگ کے دوران موبائل فون میں موجود ای لائسنس ہی مکمل طور پر قابل قبول تصور ہوگا اور کسی بھی شہری کو دستاویزات پاس نہ ہونے پر پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا بنیادی مقصد شہریوں کو تیز رفتار، آسان اور شفاف سفری سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں غیر ضروری دفتری چکروں، وقت کے ضیاع اور طویل کاغذی کارروائیوں سے مستقل نجات مل سکے۔ ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے ڈیجیٹلائزیشن کا یہ پہلا موقع نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کی آسانی کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن ویزا تصدیق کی کامیاب سہولت متعارف کرائی جا چکی ہے جس سے اب تک ہزاروں اوورسیز پاکستانی مستفید ہو رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اسلحہ لائسنس رکھنے والے شہریوں کے لئےبڑی خوشخبری
چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ مستقبل قریب میں ٹریفک نظام سے وابستہ دیگر اہم عوامی خدمات کو بھی مرحلہ وار ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر منتقل کیا جائے گا تاکہ عوام گھر بیٹھے تمام تر معیاری سہولیات سے فائدہ اٹھا
سکیں۔





