دیامر سمیت گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
ضلع دیامر کی داریل اور نیاٹ ویلی میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جس سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔
نیاٹ ویلی کے نواحی گاؤں چھرل میں آنے والے سیلابی ریلے سے باغات، مٹر اور مکئی کی فصلیں شدید متاثر ہوئی ہیں، جبکہ متعدد مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
سیلاب کے باعث واٹر سپلائی کا نظام اور آمدورفت کے راستے مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ادھر دیامر کے دور افتادہ علاقے داریل میں طوفانی بارشوں کے بعد آنے والے شدید سیلابی ریلے نے وسیع پیمانے پر تباہی مچائی۔
مختلف دیہات میں کھڑی فصلیں، پھلدار درخت، واٹر چینلز، رابطہ پل، پن چکیاں اور زرعی اراضی بری طرح متاثر ہوئی ہیں، جبکہ آبپاشی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کاخدشہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
سیلاب کے باعث متعدد علاقوں میں آمدورفت متاثر ہونے سے متاثرین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی افراد نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے فوری امدادی کارروائیاں، نقصانات کا تخمینہ لگانے اور بحالی کا عمل بلا تاخیر شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔





