خیبر پختونخوا کے ایم ٹی آئیز کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوشنز (ایم ٹی آئیز) کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں محکمہ خزانہ کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے، جس نے آڈٹ کے لیے موزوں اور مستند ادارے کی تلاش کا عمل شروع کردیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں ایم ٹی آئیز کے لیے 80 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، ان فنڈز کے شفاف استعمال، مالی معاملات کی جانچ اور سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال کا جائزہ لینے کے لیے آزادانہ آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تھرڈ پارٹی آڈٹ کے ذریعے ایم ٹی آئیز کے مالی نظام، اخراجات اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا: ایم ٹی آئیز کی تمام بھرتیاں ایٹا کے ذریعے کرنے کے ہدایات 

خیبر پختونخوا کے ایم ٹی آئیز میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس، خیبر ٹیچنگ ہسپتال، پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز، مردان میڈیکل کمپلیکس، ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد، قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ، خلیفہ گل نواز ٹیچنگ ہسپتال بنوں اور ڈی آئی خان ٹیچنگ ہسپتال سمیت 11 ادارے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ یہ میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوشنز خیبر پختونخوا ایم ٹی آئی ایکٹ 2015 کے تحت قائم کیے گئے تھے۔

Scroll to Top