پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں تاریخ میں پہلی بار 2 ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیاں کراچی پورٹ پہنچ گئی ہیں۔
یہ الیکٹرک گاڑیاں جدید ’رو رو شپمنٹ‘ (Roll-on/Roll-off) کے ذریعے پاکستان لائی گئی ہیں، جو ملک کی بحری تجارت میں ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور چوہدری کے مطابق ایم وی گرینڈے شنگھائی نامی جہاز کراچی پورٹ کے کے جی ٹی ایل ٹرمینل پر لنگر انداز ہوا، جہاں سے الیکٹرک گاڑیوں کو اتارنے کا عمل شروع کیا گیا۔
’رو رو‘ ٹیکنالوجی میں گاڑیوں کو کرین کے ذریعے اتارنے کی ضرورت نہیں ہوتی، بلکہ جہاز سے ایک خصوصی پل براہ راست پورٹ تک منسلک کیا جاتا ہے، جس کے ذریعے گاڑیاں خود چل کر جہاز سے باہر آتی اور اندر جاتی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ رورو جہاز کے ذریعے پہلی بار الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد پاکستان کی بحری تجارت کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ اس نظام کے باعث وقت کی بچت، اخراجات میں کمی اور سامان کی محفوظ ترسیل ممکن ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پورٹ پر پہلی رو رو ای وی شپمنٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی بندرگاہیں جدید شپنگ اور لاجسٹکس سہولیات کی جانب تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں کی یہ بڑی آمد پاکستان میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ اور آٹو موبائل مارکیٹ میں نئی تبدیلیوں کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے۔





