وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا نورین نیازی کے بیان پر شدید ردعمل، بھارتی وزیر اعظم کے حق میں بات کرنے کو شرمناک قرار دے دیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے نورین نیازی کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا یہ بیان دراصل ان کے بھائی کی مخصوص سوچ کا آئینہ دار ہے اور اس خاندان کو پاکستان کی ہر کامیابی پر تکلیف ہوتی ہے۔
اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پوری دنیا اس حقیقت کو تسلیم کر چکی ہے کہ پاکستان نے معرکۂ حق میں بھارت کو عبرتناک اور تاریخی شکست دی، لیکن ایسے حالات میں بھی نورین نیازی کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حق میں بات کرنا انتہائی شرمناک اور قابلِ مذمت عمل ہے۔
انہوں نے تحریک انصاف کے بانی اور ان کی فیملی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی تینوں بہنیں یا تو خود کو دنیا کی عقلِ کل تصور کرتی ہیں یا پھر ان کا طرزِ عمل حد درجہ غیر سنجیدہ ہے۔
وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان اور بالخصوص پاک فضائیہ کے شاہینوں نے وہ تاریخی کارنامے سرانجام دیے ہیں جن پر آج پوری قوم سر اٹھا کر فخر کرتی ہے اور ہر سچا پاکستانی اپنی بہادر افواج کی قربانیوں اور کامیابیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افواج پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور مودی کی تعریف،عمران خان کی بہن نورین نیازی کو این سی سی آئی اے کا نوٹس جاری
عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان کے آخر میں دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے خاندان کی جانب سے پاکستان کے مفاد میں کبھی بھی کوئی مثبت کردار سامنے نہیں آیا۔





