افواج پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور مودی کی تعریف،عمران خان کی بہن نورین نیازی کو این سی سی آئی اے کا نوٹس جاری

افواج پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور مودی کی تعریف،عمران خان کی بہن نورین نیازی کو این سی سی آئی اے کا نوٹس جاری

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن نورین نیازی کو سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف جھوٹا، توہین آمیز اور اشتعال انگیز مواد پھیلانے کے الزام میں باقاعدہ نوٹس جاری کر دیا ہے۔

این سی سی آئی اے کے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر اسلام آباد نے نورین نیازی کے خلاف انکوائری نمبر RE-2031/2026 کے تحت کارروائی کا آغاز کیا ہے جس میں جرم کی نوعیت بتاتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ نورین نیازی سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کو بدنام کرنے اور من گھڑت بیانیے کو فروغ دینے کے لیے جھوٹا، جارحانہ اور اشتعال انگیز مواد پھیلانے میں ملوث پائی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ نورین نیازی نے حال ہی میںایک پوڈ کاسٹ میں انٹرویو کے دوران معرکہ حق کی عسکری کامیابی کے خلاف ہرزہ سرائی کی تھی اور مبینہ طور پر یہ دعویٰ کیا تھا کہ مودی پاکستان کو دو منٹ میں ٹھیک کر سکتا ہے۔

این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے تحت نورین نیازی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 20 جولائی کو اسلام آباد میں واقع سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر کے دفتر میں ذاتی طور پر پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کروائیں۔

نوٹس میں نورین نیازی کو خبردار کیا گیا ہے کہ عدم تعمیل کی صورت میں یہ تصور کیا جائے گا کہ ان کے پاس دفاع میں کہنے کے لیے کچھ نہیں ہےجبکہ نوٹس کی خلاف ورزی کرنے پر پاکستان پینل کوڈ (PPC) کی دفعہ 174 کے تحت قانونی کارروائی اور سزا بھی دی جا سکتی ہے۔

Scroll to Top