'میں کنڈی قوم سے ہوں، افغانستان سے ہجرت کرکے آیا ہوں، گورنر خیبر پختونخوا کا خواجہ آصف کو جواب

‘میں کنڈی قوم سے ہوں، افغانستان سے ہجرت کرکے آیا ہوں، گورنر خیبر پختونخوا کا خواجہ آصف کو جواب

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کا بیان غیر ذمہ دارانہ، ایسے بیانات کشمیر کاز کو نقصان
پہنچاتے ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کنڈی قوم سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے آباؤ اجداد افغانستان سے ہجرت کرکے آئے تھے، تاہم انتخابی فائدے کے لیے اس نوعیت کے بیانات دینا قومی مفاد کے خلاف ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خواجہ آصف کا حالیہ بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ’’میں کنڈی قوم سے ہوں، میرے آباؤ اجداد افغانستان سے ہجرت کرکے آئے تھے، لیکن ووٹ اور نشستیں جیتنے کے لیے ایسے بیانات دینا کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔‘‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی حکومت بنانے جا رہی ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبے میں ایک بار پھر دہشت گردی سر اُٹھا رہی ہے، تاہم خیبر پختونخوا کے عوام اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ دہشت گردوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی اداروں کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے پارلیمانی ماحول پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب پارلیمنٹ میں سنجیدہ قومی معاملات پر گفتگو ہوتی ہے تو بعض ارکان بحث کے بجائے شور شرابا، ڈیسک بجانے اور غیر سنجیدہ رویے کا مظاہرہ کرتے ہیں، جو پارلیمانی روایات کے منافی ہے۔

Scroll to Top