آج سے مون سون کا دوسرا اسپیل شروع، 24 جولائی تک بارشوں کا امکان، کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج سے مون سون بارشوں کے دوسرے اسپیل کے آغاز کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سلسلہ 24 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس دوران مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ (آج)اتوار کے روز ان کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ اس کے علاوہ مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ پیر کے روز ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے باعث بارشوں کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 19 سے 25 جولائی کے دوران مختلف مقامات پر آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 19 سے 23 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، لاہور اور پنجاب کے دیگر کئی شہروں میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے اضلاع ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی اور زیارت میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 20 سے 25 جولائی کے دوران خیبر پختونخوا، مری، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، اس لیے متعلقہ ادارے الرٹ رہیں اور شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس والا رہنے کا امکان ہے، تاہم تھرپارکر، مٹھی، سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں 20 سے 22 جولائی کے دوران بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر آئندہ تین روز تک مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بعض مقامات پر ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے، جبکہ ہفتہ اور اتوار کے دوران شہر میں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔





