ٹائٹل جیتنے کے بعد بھی اسپین کو اصل ٹرافی نہیں ملے گی، وجہ جان کر حیران رہ جائیں گے

نیویارک: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد اسپین کے فاتح کپتان کا ٹرافی اٹھانا سب سے یادگار لمحہ بن گیا، تاہم بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ عالمی چیمپئن بننے والی ٹیم بھی اصل ورلڈ کپ ٹرافی مستقل طور پر اپنے پاس نہیں رکھ سکتی۔

اس بار فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی اسپین کے کپتان کو فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشترکہ طور پر پیش کی، جو ایک غیر معمولی موقع تھا۔

گزشتہ دو ورلڈ کپ فائنلز میں صرف فیفا صدر نے ٹرافی پیش کی تھی، جبکہ آخری بار 1982 میں کسی سربراہِ مملکت نے فاتح ٹیم کو ٹرافی دی تھی۔

ورلڈ کپ ٹرافی کس چیز سے تیار کی جاتی ہے؟

فیفا ورلڈ کپ ٹرافی مکمل طور پر خالص سونے کی نہیں بلکہ 18 قیراط سونے سے تیار کی جاتی ہے۔ اس کی اونچائی 36.5 سینٹی میٹر اور وزن 6.175 کلوگرام ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ مکمل طور پر ٹھوس سونے سے بنائی جاتی تو اس کا وزن تقریباً 70 سے 80 کلوگرام تک پہنچ جاتا، جسے اٹھانا مشکل ہوتا۔

ٹرافی کے نچلے حصے میں سبز رنگ کا میلاکائٹ پتھر استعمال کیا گیا ہے، جو اس کے سنہری ڈیزائن کو مزید نمایاں کرتا ہے۔ اس شاہکار کو اطالوی مجسمہ ساز سلویو گازانیگا نے تیار کیا تھا، جن کا ڈیزائن 53 مختلف تجاویز میں سے منتخب کیا گیا تھا۔

اصل ٹرافی فاتح ٹیم کو کیوں نہیں دی جاتی؟

اگرچہ فائنل کے بعد فاتح کپتان اصل ورلڈ کپ ٹرافی بلند کرتا ہے، لیکن تقریب کے فوراً بعد اسے سخت سکیورٹی میں واپس فیفا ورلڈ فٹبال میوزیم، زیورخ منتقل کر دیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسپین نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، 16 سال بعد عالمی چیمپئن بن گیا

فیفا قوانین کے مطابق اصل ٹرافی مستقل طور پر فیفا کی تحویل میں رہتی ہے۔ سابق عالمی چیمپئنز اور سربراہانِ مملکت کو ہی اسے ہاتھ لگانے کی اجازت ہوتی ہے۔

فاتح ٹیم کو اس کے بدلے سونے کی تہہ چڑھی کانسی سے تیار کردہ ٹرافی دی جاتی ہے، جو ہمیشہ کے لیے اسی ملک کی ملکیت رہتی ہے۔

ورلڈ کپ ٹرافی کی مالیت کتنی ہے؟

ماہرین کے مطابق ٹرافی میں موجود خام سونے کی قیمت تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار سے 4 لاکھ امریکی ڈالر کے درمیان بنتی ہے، تاہم اس کی تاریخی اہمیت، منفرد حیثیت اور عالمی شہرت کے باعث اس کی مجموعی مالیت تقریباً 2 کروڑ امریکی ڈالر تک سمجھی جاتی ہے۔

اسی وجہ سے فیفا ورلڈ کپ ٹرافی دنیا کی سب سے قیمتی اور مشہور کھیلوں کی ٹرافیوں میں شمار ہوتی ہے۔

Scroll to Top