مہمند ڈیم، داسو اور سی آر بی سی منصوبوں پر بڑا اعلان، وزیراعلیٰ نے رکاوٹیں دور کرنے کا حکم دیدیا

مہمند ڈیم، داسو اور سی آر بی سی منصوبوں پر بڑا اعلان، وزیراعلیٰ نے رکاوٹیں دور کرنے کا حکم دیدیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیرصدارت میگا آبی منصوبوں کا جائزہ، سی آر بی سی لفٹ کنال اور مہمند ڈیم پر کام تیز کرنے کی ہدایت کردی ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیرصدارت واپڈا کے ہائیڈرو پاور اور آبی وسائل کے میگا منصوبوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی آر بی سی لفٹ کنال، مہمند ڈیم، نیو منڈا ہیڈورکس اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی کابینہ کے ارکان ریاض خان اور مزمل اسلم، رکن قومی اسمبلی ساجد مہمند، وفاقی سیکرٹری آبی وسائل، چیئرمین واپڈا اور دیگر وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔ متعلقہ حکام نے منصوبوں کی موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے سی آر بی سی لفٹ کنال منصوبے کے لیے زمین کی خریداری کا عمل جلد مکمل کرنے اور منصوبے پر کام کرنے والے عملے کی سکیورٹی فوری طور پر یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ خیبرپختونخوا کی زرعی ترقی اور فوڈ سکیورٹی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، جس سے صوبے کی 2 لاکھ 95 ہزار ایکڑ سے زائد بنجر اراضی زیرِ کاشت آئے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی عدم توجہی کے باعث منصوبہ غیر ضروری تاخیر کا شکار رہا، جس سے اس کی لاگت میں بھی کئی گنا اضافہ ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت اپنے حصے کے وسائل بروقت فراہم کرے گی اور وفاق بھی اپنی ذمہ داری پوری کرے تاکہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو سکے۔

حکام نے اجلاس کو بتایا کہ سی آر بی سی لفٹ کنال منصوبے پر چھ مختلف پیکجز کے تحت کام جاری ہے اور اسے 2027 سے 2030 کے دوران مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کی 65 فیصد فنڈنگ وفاقی حکومت جبکہ 35 فیصد صوبائی حکومت فراہم کرے گی۔
اجلاس میں مہمند ڈیم منصوبے کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے مہمند ڈیم رائٹ بینک ایریگیشن کنال کے لیے درکار 81 ایکڑ اراضی کے حصول میں حائل تمام رکاوٹیں فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے منصوبے سے متاثرہ مقامی آبادی کے لیے ترقیاتی اسکیموں کے ٹینڈرز آئندہ ایک ماہ میں جاری کرنے کا بھی حکم دیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مہمند ڈیم پر 54 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے اور منصوبے کی تکمیل کی متوقع مدت ستمبر 2028 ہے۔ اس منصوبے سے 17 ہزار 742 ایکڑ اراضی سیراب ہوگی، 800 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی جبکہ پشاور کو روزانہ 300 ملین گیلن پینے کا صاف پانی بھی فراہم کیا جائے گا۔

اجلاس میں نیو منڈا ہیڈورکس اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر بھی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے داسو منصوبے میں حائل رکاوٹیں فوری دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی اہمیت کا منصوبہ ہے اور اس کی بروقت تکمیل کے لیے خیبرپختونخوا حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اس موقع پر زور دیا کہ آبی وسائل اور توانائی کے یہ منصوبے نہ صرف صوبے بلکہ ملک کی معاشی ترقی، زرعی خوشحالی، توانائی کے بحران پر قابو پانے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کریں گے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔

Scroll to Top