صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مزید 5 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار روز کے دوران ڈیزل 20 روپے جبکہ پیٹرول 24 روپے فی لیٹر مہنگا کیا گیا، جبکہ اس سے قبل 20 اگست سے 7 ستمبر کے دوران بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 23 روپے تک اضافہ ہوا۔
ملک شہزاد اعوان نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ 8 سے 17 اگست کی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیر پیٹرولیم نے روزانہ قیمتیں تبدیل نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی یقین دہانیوں پر ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کی، تاہم حکومت نے معاہدوں پر عملدرآمد نہ کیا تو ملک بھر میں دوبارہ ہڑتال کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ، پٹرول اور ڈیزل کتنا مہنگا ہوا؟
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے معاملات کے حل کے لیے مانگی گئی 40 روز کی مہلت اگلے ہفتے ختم ہو رہی ہے۔





