کراچی: کراچی گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ، بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کو درپیش مالی دباؤ کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام مال بردار گاڑیوں کے مالکان، ٹرانسپورٹرز اور فریٹ آپریٹرز نئی شرح کے مطابق کرایے وصول کریں گے، کیونکہ موجودہ معاشی حالات میں پرانے نرخوں پر کاروبار جاری رکھنا انتہائی مشکل ہو چکا تھا۔
گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق صرف ایندھن ہی نہیں بلکہ گاڑیوں کی دیکھ بھال، ٹائرز، اسپیئر پارٹس، انجن آئل، ورکشاپ اخراجات اور ڈرائیوروں سمیت دیگر عملے کی تنخواہوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث کرایوں پر نظرثانی کرنا ضروری بن گیا۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرول پمپ مالکان کی ہڑتال، وزیر پیٹرولیم کا اہم بیان سامنے آگیا
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ موجودہ اخراجات کے مقابلے میں کرایوں میں صرف 5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد ٹرانسپورٹرز پر بڑھتے مالی دباؤ کو کم کرنا اور مال برداری کا نظام بلا تعطل جاری رکھنا ہے۔
ٹرانسپورٹ سیکٹر سے وابستہ حلقوں کے مطابق کرایوں میں اضافے کے بعد صنعتی خام مال، زرعی اجناس، اشیائے خورونوش اور دیگر تجارتی سامان کی ترسیل کی لاگت میں بھی اضافہ متوقع ہے، جس کے اثرات مختلف کاروباری شعبوں اور سپلائی چین پر پڑ سکتے ہیں۔





