رضوان بلوچ
ٹانک: سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر ٹانک نے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت مختلف علاقوں میں آمدورفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ٹانک کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع پولیس افسر کی جانب سے مانجھی خیل چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی کوشش کے بعد امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک تمام افراد کی نقل و حرکت، ہر قسم کی ٹریفک، مسافر اور مال بردار گاڑیوں جبکہ موٹر سائیکلوں کی آمدورفت پر پابندی ہوگی۔
حکم نامے کے مطابق ڈبڑہ سے ٹانک بائی پاس، بولٹن آباد، گرہ پتھر، گرہ حیات، ٹانک بائی پاس، رنوال، مانجھی خیل اور بھگووال کے راستے بند رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹانک: مانجھی خیل چیک پوسٹ واقعہ، گورنر خیبرپختونخوا نے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کر لی
اس کے علاوہ رنوال بازار بھی صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایمرجنسی سروسز، جن میں ریسکیو، ایمبولینس اور فائر بریگیڈ شامل ہیں، کو پابندی سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ٹانک کے مطابق دفعہ 144 کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور یہ حکم آئندہ احکامات تک نافذ رہے گا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔





