مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا ’’آپریشن العزم‘‘ فضائی و زمینی کارروائی میں 15 دہشت گرد ہلاک، 12 زخمی

ملک دشمن کے خاتمے کا مشن، سیکیورٹی فورسز بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پاکستان سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر باہم مربوط فضائی اور زمینی ’’آپریشن العزم‘‘ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں 15 شدت پسند ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو علاقے میں شدت پسندوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں جس پر فورسز نے بروقت اور یکجا کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد نیٹ ورک کو شدید دھچکا پہنچایا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کامیاب آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ دہشت گردوں کے زیرِ استعمال موٹر سائیکلوں کو بھی فورسز نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ فورسز کی شدید اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان کے متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی سہولت کاری میں ملوث متعدد مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹانک: سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ

ذرائع کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ فورسز کا عزم ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خطے میں پائیدار امن و امان کے قیام تک سیکیورٹی فورسز کی یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

Scroll to Top