خیبر پختونخوا میں ایڈیشنل سیکرٹری لائیواسٹاک سمیت اعلی افسران کی ترقیاں، نوٹیفکیشن جاری

خیبر پختونخوا میں ایڈیشنل سیکرٹری لائیواسٹاک سمیت اعلی افسران کی ترقیاں، نوٹیفکیشن جاری

محمد اعجاز آفریدی

حکومت خیبر پختونخوا کے محکمہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ نے پروونشل سلیکشن بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں صوبائی انتظامی سروس (پی ایم ایس) کے 7 افسران کی اگلے گریڈز میں ترقیوں کے الگ الگ اعلامیے جاری کر دیے ہیں۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 19 کے افسر اور ایڈیشنل سیکرٹری لائیو اسٹاک، فشرز اینڈ کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ نیاز محمد خان کو فوری طور پر گریڈ 20 میں ایکٹنگ چارج کی بنیاد پر ترقی دے دی گئی ہےجبکہ ان کی نئی تعیناتی کے احکامات بعد میں جاری کیے جائیں گے۔

دوسرے نوٹیفکیشن کے تحت گریڈ 18 کے چھ افسران کو گریڈ 19 میں باقاعدہ طور پر ترقی دی گئی ہے۔ ترقیاں پانے والے افسران میں ڈپٹی سیکرٹری ایس ٹی اینڈ آئی ٹی تنویر احمد، ڈائریکٹر اربن ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کوہاٹ عباس علی بخاری، مینیجر کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی محمد سہیل عزیز، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی جمشید خان، ایڈیشنل سیکرٹری ایچ آر ایم ڈی زہرہ نگار اور ڈپٹی سیکرٹری زکوٰۃ، عشر و سوشل ویلفیئر ذاکر حسین شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کے 7 اضلاع میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا عمل شروع

اعلامیے کے مطابق عباس علی بخاری اور زہرہ نگار ترقی کے بعد اپنی موجودہ اسامیوں پر ہی کام جاری رکھیں گے جبکہ باقی افسران کی نئی تعیناتیوں کے احکامات بعد میں جاری کیے جائیں گے۔ ترقیاں پانے والے تمام افسران ایک سال کے لیے پروبیشن پر ہوں گے۔

Scroll to Top