ٹیکنالوجی کی دنیا کی بڑی کمپنی گوگل نے اپنے صارفین کی سیکیورٹی اور سہولت کو مدِنظر رکھتے ہوئے ایک نیا اور جدید سیکیورٹی فیچر متعارف کرایا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے اب صارفین پاس ورڈ بھول جانے کی صورت میں سیلفی ویڈیو کی مدد سے اپنے گوگل اکاؤنٹ میں دوبارہ لاگ ان کر سکیں گے۔
گوگل کے مطابق اس فیچر کو فعال کرنے کے لیے صارف کو شروعات میں ایک سیلفی ویڈیو ریکارڈ کرنا ہوگی۔
اس کے لیے کیمرے کی طرف دیکھتے ہوئے چند مختصر اور آسان ہدایات پر عمل کرنا ہوگا تاکہ نظام چہرے کے مختلف زاویوں کو صحیح طریقے سے محفوظ کر سکے۔
اگر صارف آئندہ کبھی اپنا پاس ورڈ بھول جاتا ہے، تو وہ ایک نئی سیلفی ویڈیو بنا کر اپنے اکاؤنٹ تک دوبارہ رسائی حاصل کر سکے گا۔
گوگل کا جدید نظام نئی ویڈیو کا موازنہ پہلے سے محفوظ شدہ ویڈیو سے کرے گا اور جیسے ہی شناخت کی تصدیق ہوگی، لاگ ان کی اجازت دے دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: 7 جولائی کو گوگل پر پوری دنیا کیا سرچ کر رہی تھی؟ نیا ریکارڈ قائم
پرائیویسی اور سیکیورٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کمپنی نے واضح کیا ہے کہ صارف جب چاہے اپنے اکاؤنٹ سے اس محفوظ شدہ سیلفی ویڈیو کو حذف کر سکتا ہے۔
یہ ویڈیو صرف اور صرف سائن ان میں مدد فراہم کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی اور جب تک صارف خود اجازت نہ دے، اسے کسی اور مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔
گوگل کے مطابق یہ تمام ویڈیوز انتہائی محفوظ اور انکرپٹڈ انداز میں رکھی جائیں گی۔ اس کے علاوہ جعلی تصاویر یا مصنوعی ویڈیوز کے ذریعے کی جانے والی دھوکہ دہی سے بچاؤ کے لیے اس فیچر میں جدید سیکیورٹی کی متعدد تہیں شامل کی گئی ہیں۔





