ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی میں طبی عملے کی مجرمانہ غفلت کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔
ہسپال کے نرسری میں زیرِ علاج 23 روزہ نوزائیدہ بچی کا انگوٹھا کاٹ دیا گیا، پولیس نے متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں نرس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
بچی ‘لبابہ’ 23 روز قبل ہولی فیملی اسپتال میں ہی پیدا ہوئی تھی، جسے پیدائش کے بعد سے سانس کی تکلیف کے باعث اسپتال کی نرسری میں داخل رکھا گیا تھا۔
تھانہ نیو ٹاؤن میں درج ایف آئی آر کے مطابق، متاثرہ بچی کے والد قیصر نے بتایا کہ جب وہ اپنی بیٹی کو دیکھنے نرسری گئے تو اس کا انگوٹھا کٹا ہوا تھا۔
پوچھ گچھ پر ڈیوٹی ڈاکٹر نے اعتراف کیا کہ بچی کا انگوٹھا نرس نیلم صدیق سے بال کٹنگ کے دوران یا بینڈج ہٹاتے ہوئے غلطی سے کٹا ہے۔
والد کے مطابق اسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں نے معاملے کی داخلی انکوائری کر کے آگاہ کرنے کی دہائی دی تھی تاہم کافی وقت گزرنے کے باوجود کوئی تسلی بخش جواب نہ دیا گیا جس پر مجبوراً پولیس سے رجوع کرنا پڑا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔





