بالاکوٹ کے قریب پنجاب یونیورسٹی ٹرانسپورٹ ونگ کی ریپڈ بس حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 16 ملازمین زخمی ہوگئے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق بس میں یونیورسٹی کے 19 ملازمین سوار تھے جو ذاتی ٹور کے سلسلے میں ناران، کاغان جا رہے تھے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ڈرائیور نے سامنے سے آنے والی گاڑی کو بچانے کی کوشش کی، سڑک پر پھسلن کے باعث بس بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری۔
حادثے کے فوری بعد زخمی ملازمین کو مانسہرہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ ترجمان کے مطابق تمام زخمی ملازمین کو علاج کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب یونیورسٹی نے بتایا کہ حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ زخمی ملازمین کی دیکھ بھال اور مکمل نگہداشت کر رہی ہے۔





