لاہور میں اورنج ٹرین، اسپیڈو اور میٹرو بس سروس میں ٹوکن اور پرانے کارڈ سسٹم کو ختم کردیا گیا ہے، جس کے بعد مسافروں کے لیے ادائیگی کا نیا طریقہ متعارف کرایا گیا ہے۔
انچارج ماس ٹرانزٹ اتھارٹی عزیر شاہ کے مطابق اب مسافر سفر کے لیے ٹی کیش کارڈ، موبائل ایپ اور اے ٹی ایم کارڈ استعمال کر سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پرانے کارڈ واپس جمع کروانے پر مسافروں کو صرف 130 روپے سیکیورٹی کی رقم واپس کی جائے گی، جبکہ پرانے کارڈز میں موجود بیلنس واپس نہیں کیا جائے گا۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے تمام مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے پرانے کارڈ متعلقہ اسٹیشن پر جمع کروا دیں۔
دوسری جانب بعض مسافروں نے شکایت کی ہے کہ کارڈ سسٹم ختم کیے جانے کے باوجود انہیں ری چارج کی سہولت دی جا رہی ہے، جبکہ کارڈ سسٹم ختم کرنے کے حوالے سے انہیں بروقت آگاہ نہیں کیا گیا۔
مسافروں نے مطالبہ کیا ہے کہ نئے نظام کے نفاذ سے قبل واضح معلومات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں سفر کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔





