حکومت پنجاب نے مویشی پالنے والے افراد کی معاشی معاونت اور دودھ و گوشت کی پیداوار میں اضافے کے لیے سی ایم پنجاب لائیو اسٹاک کارڈ اسکیم کے تیسرے مرحلے میں درخواستوں کی وصولی کا آغاز کر دیا ہے۔
اس اسکیم کے تحت اہل مویشی پال فارمرز کو آسان شرائط پر بلاسود مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ اہل افراد کو رجسٹرڈ ڈیلرز سے جانوروں کی خوراک، سائلج، منرل مکسچر اور دیگر منظور شدہ غذائی مصنوعات خریدنے کے لیے 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک کا بلاسود قرضہ دیا جائے گا۔
اسکیم کے تیسرے مرحلے میں کارڈ ہولڈرز کو ایک اضافی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جس کے تحت وہ منظور شدہ قرضے کی مجموعی رقم میں سے 25 فیصد تک نقد رقم حاصل کر سکیں گے تاکہ دیگر ضروری اخراجات پورے کیے جا سکیں۔
اسکیم کے لیے اہلیت
حکومت پنجاب کے مقرر کردہ معیار کے مطابق درخواست گزار کا تعلق پنجاب سے ہونا ضروری ہے۔ فارمر کے پاس کم از کم 5 اور زیادہ سے زیادہ 20 اہل بچھڑے یا بھینس کے کٹے ہونا لازمی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کالعدم ایکشن کمیٹی سے مبینہ تعلق رکھنے والا مسلح شخص گرفتار، ایم فور رائفل برآمد
درخواست گزار کے پاس اپنا شناختی کارڈ اور اس کے نام پر رجسٹرڈ فعال موبائل نمبر ہونا بھی ضروری ہے، جبکہ جانوروں کا لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
درخواست دینے کا طریقہ کار
سی ایم پنجاب لائیو اسٹاک کارڈ اسکیم کے تیسرے مرحلے کے لیے رجسٹریشن کا آغاز 15 جولائی 2026 سے ہو چکا ہے۔ دلچسپی رکھنے والے فارمرز آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
مویشی پال افراد اسکیم کی آفیشل ویب سائٹ plc.punjab.gov.pk پر جا کر رجسٹریشن کر سکتے ہیں، جبکہ درخواست کے عمل اور جانوروں کی رجسٹریشن کے لیے قریبی سرکاری ویٹرنری ہسپتال یا لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے سہولت مرکز سے بھی مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔





