وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت روایتی جنگ کا سامنا کرنے کی صلاحیت اور جرات نہیں رکھتا، اسی لیے وہ دہشتگردی کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے، جبکہ حکومت ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہوئے، تاہم ماضی میں سیاسی فائدے کے لیے تیل کی قیمتیں کم کرنے کے فیصلوں نے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا۔
وفاقی وزیر نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے معاملے پر پاکستان کے مصالحتی کردار کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کوششوں کو برطانیہ، روس اور دیگر عالمی حلقوں میں سراہا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: جس نے بھی پاکستان سے غداری یا اسے بدنام کرنے کی کوشش کی، رسوائی اور ناکامی اس کا مقدر بنی، عطا تارڑ
آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی قومی مفاد کے لیے اہم ہے۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر میں کامیابی بھارت کی سازشوں کے خلاف ایک مضبوط اور مؤثر جواب ثابت ہوگی





