وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذاتی سیاست کے لیے ریاست کی بے توقیری کرنا ناقابلِ معافی ہے اور جس نے بھی ملک کے ساتھ غداری کی، رسوائی اور ناکامی ہمیشہ اس کا مقدر بنی۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین نیازی کے حالیہ بیانات کو سخت آڑے ہاتھوں لیا۔
انہوں نے کہا کہ نورین نیازی کی بھی یہی کوشش تھی کہ انڈین میڈیا اس بات کو اٹھائے تاکہ وہ اپنے ہی ملک کے خلاف زہر اگل سکیں، لیکن یاد رہے کہ اس ملک دشمنی پر اب کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
عطاء اللہ تارڑ نے شہداء کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے انتہائی دکھ اور غصے کا اظہار کیااور کہا کہ آج کل یہ ایک نیا اور خطرناک ٹرینڈ بن گیا ہے کہ جس کا دل چاہتا ہے وہ اٹھ کر ہمارے مقدس شہداء پر بات کرنا شروع کر دیتا ہے، ایسی سوچ سراسر قابلِ مذمت ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔
انہوں نے تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جا کر شہداء کے بچوں اور ان کے گھر والوں سے پوچھیں کہ جب مائیں شہادت کی دعائیں مانگ کر اپنے لختِ جگر کو سرحدوں پر رخصت کرتی ہیں، تو کیا اس قربانی کی کوئی قیمت ہو سکتی ہے؟ کیا کوئی اس عظیم جذبے کا مول دے سکتا ہے؟
وفاقی وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ ملکی سلامتی اور شہداء کی حرمت پر حملہ کرنے والوں کو اب قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ یہ معاملہ یہاں تھمے گا نہیں، آپ کو اپنے ہر ایک لفظ کا جواب دینا ہوگا اور قوم سمیت شہداء کے غمزدہ خاندانوں سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگنی ہوگی۔ پاکستان کو بدنام کرنے اور دشمنوں کو خوش کرنے والوں کا محاسبہ ہر صورت کیا جائے گا۔





