خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چھٹی پر گھر آنے والا ایف سی اہلکار جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ ترناب کی حدود دلدار گڑھی میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایف سی اہلکار ذیشان ولد بشیر احمد کو نشانہ بنایا۔ مقتول کا تعلق صریخ میروزے سے تھا اور وہ چھٹی پر اپنے گھر آیا ہوا تھا۔
واقعے کے بعد مقتول کے والد نے نامعلوم ملزمان کے خلاف تھانہ ترناب میں رپورٹ درج کرا دی، جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ جائے وقوعہ اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ موبائل فون ڈیٹا کی مدد سے ملزمان تک پہنچنے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے۔





