سوات: شلخو سر میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کے بعد واپس آنے والے پولیس فورس کے بہادر جوانوں کا پولیس لائن کبل میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سوات محمد عمر خان نے پولیس جوانوں کا استقبال کیا، انہیں گلے لگایا اور ان کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر آر پی او ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ نے کہا کہ شلخو سر میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرنے والے پولیس اہلکار پوری قوم کا فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جوانوں نے جرات، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور علاقے کے امن کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔
ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے بھی پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں فورس نے جس بہادری، عزم اور قربانی کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ ستائش ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس فرنٹ لائن پر ہے، قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، محسن نقوی
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سوات سمیت پورے خطے میں امن خراب کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں اسی جذبے کے ساتھ جاری رہیں گی۔
استقبالی تقریب کے اختتام پر پولیس اہلکاروں نے کے پی پولیس زندہ باد، ایلیٹ فورس زندہ باد اور سوات پولیس زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے، جبکہ شرکاء نے جوانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
ترجمان سوات پولیس کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہر محاذ پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔





