اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ شہید اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر کردار ادا کر رہی ہے اور اس کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں ڈی ایس پی دیار خان سمیت 9 پولیس اہلکار شہید جبکہ 28 اہلکار زخمی ہوئے۔
آر پی او کوہاٹ عرفان طارق کے مطابق دہشت گردوں نے خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، تاہم پولیس اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 6 زخمی ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق حملے کے دوران ڈی ایس پی دیار خان جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے۔ شہداء میں ڈی ایس پی دیار خان، اے ایس آئی کفایت اللہ، اے ایس آئی قاصد علی، ہیڈ کانسٹیبل امتیاز، ایل ایچ سی ثناء اللہ، کانسٹیبل مدثر، کانسٹیبل شعبان علی سمیت دیگر اہلکار شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، ڈی ایس پی سمیت 9 اہلکار شہید، 8 دہشت گرد ہلاک
آر پی او کوہاٹ نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں میں ڈی ایس پی مجاہد حسین سمیت 23 اہلکار اور چیک پوسٹ کے اندر موجود مزید 5 اہلکار شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال ہنگو منتقل کیا گیا۔
ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈی ایس پی مجاہد حسین، اے ایس آئی احمد رحمان، کانسٹیبل آصف، کانسٹیبل سلیل خان، ایل ایچ سی شکیل اور کانسٹیبل محب اللہ کو مزید علاج کے لیے پشاور ریفر کر دیا گیا۔
آر پی او عرفان طارق نے کہا کہ پولیس جوانوں نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائے، ہمیں اپنے بہادر اہلکاروں پر فخر ہے۔
پولیس کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔





