دبئی: پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بیٹرز رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے مطابق صاحبزادہ فرحان 848 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ بھارت کے ابھیشیک شرما 819 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
بھارت کی زمبابوے کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0-3 سے کامیابی کے بعد نئی رینکنگ جاری کی گئی، جس میں کئی تبدیلیاں سامنے آئیں۔
رینکنگ میں بھارت کے ایشان کشن 910 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔
پاکستان کے دیگر بیٹرز میں صائم ایوب 560 پوائنٹس کے ساتھ 41ویں، سابق کپتان بابر اعظم 555 پوائنٹس کے ساتھ 43ویں، جبکہ ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا 547 پوائنٹس کے ساتھ 45ویں نمبر پر برقرار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : صاحبزادہ فرحان کی دھواں دار اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی
ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے اسپنر ابرار احمد 736 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر موجود ہیں، جبکہ افغانستان کے راشد خان پہلے اور انگلینڈ کے عادل رشید تیسرے نمبر پر ہیں۔
پاکستان کے محمد نواز 10ویں، سلمان مرزا ایک درجہ ترقی کے بعد 15ویں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ بہتری کے ساتھ 30ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
صاحبزادہ فرحان کی رینکنگ میں یہ نمایاں بہتری پاکستان کرکٹ کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔





