اسلام آباد: اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کے لیے خوشخبری سامنے آگئی، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے یو ایس-پاکستان نالج کوریڈور پروگرام کے تحت امریکا کی ٹاپ 100 یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔
ایچ ای سی کے مطابق یہ اسکالرشپس 2027 کے داخلوں کے لیے فراہم کی جا رہی ہیں، جن کا مقصد باصلاحیت پاکستانی طلبہ کو عالمی معیار کی جامعات میں تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
کون درخواست دے سکتا ہے؟
اعلامیے کے مطابق صرف پاکستانی یا آزاد جموں و کشمیر (AJK) کے شہری درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ امیدوار کے پاس کم از کم 16 سالہ تعلیم، یعنی چار سالہ بیچلر ڈگری ہونا ضروری ہے، جبکہ پورے تعلیمی ریکارڈ میں سیکنڈ یا تھرڈ ڈویژن قابل قبول نہیں ہوگی۔
عمر کی حد
اسکالرشپ کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر 36 سال مقرر کی گئی ہے، تاہم سرکاری ملازمین، سرکاری جامعات کے اساتذہ اور ریسرچرز کے لیے عمر کی بالائی حد 40 سال ہوگی۔ اس کے علاوہ درخواست گزار پہلے کسی ایچ ای سی اسکالرشپ سے مستفید نہ ہوا ہو۔
اسکالرشپ کی دو کیٹیگریز
ایچ ای سی نے اسکالرشپ پروگرام کو دو کیٹیگریز میں تقسیم کیا ہے۔
پہلی کیٹیگری امریکا کی کیو ایس رینکنگ کی ٹاپ 50 جامعات پر مشتمل ہے، جہاں منتخب طلبہ کی مکمل ٹیوشن فیس، سالانہ 19 ہزار 200 ڈالر وظیفہ اور 2 ہزار ڈالر تک ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔ اس کے لیے متعلقہ یونیورسٹی میں داخلہ اور کم از کم 300 جی آر ای یا 60 فیصد ایچ ای سی ہیٹ (HAT) اسکور لازمی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان ریلویز کا بوسیدہ انفرااسٹرکچر، ٹرین حادثات میں تشویشناک اضافہ
دوسری کیٹیگری میں 51 سے 100نمبر تک کی امریکی جامعات شامل ہیں، جہاں سالانہ 12 ہزار ڈالر تک ٹیوشن فیس، 19 ہزار 200 ڈالر سالانہ وظیفہ اور 2 ہزار ڈالر ہیلتھ انشورنس دی جائے گی۔ اس کے لیے بھی متعلقہ یونیورسٹی میں داخلہ اور مطلوبہ جی آر ای یا ہیٹ اسکور ضروری ہوگا۔
درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ
ایچ ای سی کے مطابق بہار اور موسم گرما 2027 کے داخلوں کے لیے درخواستیں 30 اکتوبر 2026 تک جمع کرائی جا سکیں گی، جبکہ خزاں 2027 کے داخلوں کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ 30 مارچ 2027 مقرر کی گئی ہے۔
اہم ہدایات
ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ یہ اسکالرشپ صرف براہ راست پی ایچ ڈی پروگرام کے لیے ہے، جبکہ ماسٹرز لیڈنگ ٹو پی ایچ ڈی پروگرام اس اسکیم میں شامل نہیں۔
اعلامیے کے مطابق تمام درخواستیں صرف ایچ ای سی کے آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی، جبکہ یونیورسٹیوں کے انتخاب کے لیے QS ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2027 کو بنیاد بنایا جائے گا۔





