پاکستانی باکسر فاطمہ زہرا نے کامن ویلتھ گیمز کی 60 کلوگرام کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیت کر پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں،قومی باکسر کو سیمی فائنل میں کینیڈا کی کھلاڑی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی باکسر فاطمہ زہرا کو سیمی فائنل میں کینیڈین باکسر ماریا نے ہرادیا، پہلے راؤنڈ میں حریف باکسر کو چار ایک کی برتری حاصل تھی تاہم دوسرے راؤنڈ میں ریفری نے مقابلہ روک دیا۔
فاطمہ زہرا ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہیں، ویمن کی 60 کلوگرام کیٹیگری کے کوارٹر فائنل میں فاطمہ نے نیوزی لینڈ کی جارڈن ولسن کو شکست دی تھی۔
کامن ویلتھ گیمز کے باکسنگ ایونٹ میں 2004 کے بعد پاکستان نے تمغہ حاصل کیا، فاطمہ زہرا کامن ویلتھ گیمز کے باکسنگ ایونٹ میں تمغہ حاصل کرنے والی پہلی پاکستان خاتون بن گئیں۔





