نہ غداری ہے نہ سازش، نئے صوبوں کا مطالبہ انتظامی ضرورت ہے، دلیل کے بجائے دھمکیوں پر خالد مقبول صدیقی کا بلاول بھٹو کو سخت جواب

کراچی:متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کسی کے ہاری یا غلام نہیں، ان سے بات کرتے ہوئے احتیاط کی جائے۔

کراچی میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دوٹوک مؤقف اپنایا کہ ایم کیو ایم نے کبھی صرف سندھ، کراچی یا مہاجر صوبے کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ پورے پاکستان میں آبادی اور انتظامی ضرورت کے مطابق نئے صوبے بنانے کی بات کی ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے سوال اٹھایا کہ اگر نئے صوبوں کا مطالبہ پورے ملک کے لیے ہے تو پھر کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور نواب شاہ میں خون ریزی کی باتیں کیوں کی جا رہی ہیں؟

انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں نے جو بات پہلے کی تھی، آج پورا پاکستان وہی بات کر رہا ہے۔ ان کے بقول ایم کیو ایم دلیل دیتی ہے اور جواب میں بھی دلیل کی منتظر ہوتی ہے، دھمکیوں کے نہیں، اس لیے سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کو دھمکیاں دینے سے پہلے سوچنا چاہیے۔

بلاول بھٹو کو مخاطب کر کے سخت سوالات

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جب پورے پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی بات ہو رہی ہے تو پھر خون ریزی کی دھمکیاں صرف کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور نواب شاہ کے لیے کیوں دی جا رہی ہیں؟ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اور امن و امان کے ذمہ دار اداروں سے اس معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ عدالتوں کو بھی اس معاملے پر ازخود نوٹس لینا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : نانا کے آئین کو پاؤں تلے روندنے کی تیاری؟ ریفرنڈم پر بلاول بھٹو کے یوٹرن نے بڑا تضاد کھول کر رکھ دیا

پنجاب میں صوبے بن سکتے ہیں تو سندھ میں کیوں نہیں؟
خالد مقبول صدیقی نے واضح کیا کہ جہاں ضرورت ہو وہاں نئے صوبے بنائے جائیں۔ انہوں نے سخت لہجے میں پوچھا کہ پنجاب میں صوبے بن سکتے ہیں تو سندھ میں کیوں نہیں، کیا سندھ مقدس گائے ہے؟

معاشی حصہ، تاریخی پس منظر اور موروثی سیاست پر تنقید
وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے لوگ آزادی کا تحفہ لے کر پاکستان آئے تھے اور ان شہروں کی معاشی سرگرمیوں سے پورا صوبہ مستفید ہوتا ہے، لیکن اس کے باوجود انہی علاقوں کے عوام کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی سندھ کے بجٹ کی آمدن میں 97 فیصد حصہ دیتا ہے، جبکہ بعض اعدادوشمار کے مطابق یہ حصہ 93 فیصد ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ باقی آمدن حیدرآباد، میرپورخاص، نواب شاہ اور سکھر سمیت دیگر شہروں سے کتنی حاصل ہوتی ہے؟

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت اور جاگیردارانہ جمہوریت کے درمیان بہت فاصلہ ہے، اور ملک میں سیاسی قیادت اکثر سیاسی کارکنوں کے بجائے خاندانی اور موروثی بنیادوں پر سامنے آتی ہے جس کے نتیجے میں عوامی نمائندگی محدود ہو کر رہ جاتی ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ نہ غداری ہے اور نہ سازش، بلکہ یہ انتظامی ضرورت ہے، اور سندھ کے شہری علاقوں میں نئے صوبے کے قیام کا مقدمہ تاریخی، معاشی اور انتظامی اعتبار سے مضبوط ہے۔

Scroll to Top